پاک فوج قوم کی بہتری کیلئے دیگر قومی اداروں سے مل کر اقدامات کر رہی ہے، آرمی چیف

راولپنڈی: 22 اپریل 2020 آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج عالمی وباء کی صورتحال میں قوم کی بہتری کیلئے دیگر قومی اداروں سے مل کر اقدامات کر رہی ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں بالخصوص رمضان المبارک کے دوران قوم کو سہولیات دی جائیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ کیا جہاں پہنچنے پر این سی او سی کے کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
این سی او سی کے ڈی جی آپریشنز اینڈ پلاننگ میجر جنرل آصف محمود گورایہ نے آرمی چیف کو بریفنگ دی، جس میں کورونا وباء کے متوقع پھیلاؤ، نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے بتایا گیا۔ افواج پاکستان کی جانب سے سول انتظامیہ کی معاونت پر بھی آرمی چیف کو آگاہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو ٹیسٹنگ، ٹریکنگ اور قرنطینہ کی سہولیات کے بارے میں قومی حکمت عملی پر بھی بریفنگ دی گئی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا وباء کے اثرات پر قابو پانے اور ضروری دیکھ بھال کیلئے این سی او سی کے کردار کو سراہا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کم وسائل اور محدود وقت کے باوجود این سی او سی موثر کام کر رہا ہے۔ آرمی چیف نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے، خطرات کا تخمینہ لگانے، منفی اثرات کم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وباء کے صحت اور نفسیاتی و سماجی اثرات کے ساتھ ساتھ اقتصادی اثرات کا بھی اندازہ لگایا جائے تاکہ وسائل کا بہتر استعمال بروئے کار لایا جاسکے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ پاک فوج دیگر قومی اداروں سے مل کر اقدامات کر رہی ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں بالخصوص رمضان میں قوم کو سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

Comments